سوال کا جواب: سورہ محمد اور کنیزوں کے حوالے سے سوالات
بسم الله الرحمن الرحيم
سوال :السلام علیکم! شیخ النبہانی رحم اللہ علیہ فرماتے ہیں : سورۃ محمدکی چوتھی آیت معرکہ بدرسے پہلے نازل ہوئی۔اس کی دلیل کیاہے؟ جبکہ جمہور کاقول یہ ہے کہ مذکورہ آیت معرکہ بدرکے بعد نازل ہوئی۔ اگرآپ اس کی وضاحت فرمائیں تومجھے خوشی ہوگی ۔
دوسراسوال یہ کہ اگرشادی شدہ کنیز (لونڈی) سے زناکاجرم صادرہوجائے تو کیا اس کی حد بھی رجم ہوگی؟
جواب:وعلیکم السلام ،ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
مجھےآپ کاسوال ترکی زبان میں موصول ہوا، اب عربی میں ترجمہ کیے جانے کے بعد اس کاجواب دے رہاہوں، جواب کاترکی میں بھی ترجمہ کیا جا چکا ہے، جواب کچھ یوں ہے۔
پہلا: جس آیت کے بارے میں آپ نے پوچھاہے ،وہ سورہ محمدﷺ میں ہے۔ (فَإِذَا لَقِیتُمُ الَّذِینَ كَفَرُوا فَضَرْبَ الرِّقَابِ حَتَّى إِذَا أَثْخَنْتُمُوھُم فَشُدُّوا الْوَثَاقَ فَإِمَّا مَنًّا بَعْدُ وَإِمَّا فِدَاءً حَتَّى تَضَعَ الْحَرْبُ أَوْزَارَھَا ذَلِكَ وَلَوْ یَشَاءُ اللَہُ لَانْتَصَرَ مِنھُم وَلَكِنْ لِیَبْلُوَ بَعْضَكُمْ بِبَعْضٍ وَالَّذِینَ قُتِلُوا فِی سَبِیلِ اللَّہ فَلَنْ یُضِلَّ أَعْمَالَھُمْ) "تو جب کافروں سے تمھاری مڈبھیڑ ہو تو گردنوں پر وار مارو۔ جب ان کو اچھی طرح کچل ڈالو تو اب خوب مضبوط قید و بند سے گرفتار کرو۔ پھر (اختیار ہے) کہ خواہ احسان رکھ کر چھوڑ دو یا فدیہ لے کر، تا وقکتیہ لڑائی اپنے انجام کو نہ پہنچ جائے۔ یہی حکم ہے اور اگر اللہ چاہتا تو (خود) ہی ان سے بدلہ لے لیتا لیکن (اس کی منشاء یہ ہے) کہ تم میں سے ایک کا امتحان دوسرے کے ذریعے سے لے، جو اللہ کی راہ میں شہید کردیے جاتے ہیں اللہ ان کے اعمال ہر گز ضائع نہیں کرے گا" (محمد: 4)
سورۃ محمد معرکہ بدرسے قبل نازل ہوئی، اس کی دلیل یہ ہے:
1۔ بلاشبہ رسول اللہﷺ نے بدرکے دن قیدیوں کے بارے میں فیصلہ کیا، اس کامطلب یہ ہے کہ قیدیوں کے بار ے میں حکم کانزول پہلے ہوچکاتھا کیونکہ آپﷺ وحی کے بغیر کوئی حکم نہیں دیتے تھے۔
2۔ قرآن کریم میں قیدیوں کاحکم صرف سورۃمحمدﷺ میں موجود ہے، یعنی (فَإِمَّا مَنّاً بَعدُ وَإِمَّا فِدَاءً) اس کامطلب ہےکہ یہ آیت بدرکے اس معرکہ سے پہلے نازل ہوئی تھی جس میں قیدی پکڑے گئے تھے ۔
3۔ یہ جو آیت (فَإِذَا لَقِیتُمُ الَّذِینَ كَفَرُوا فَضَرْبَ الرِّقَابِ حَتَّى إِذَا أَثْخَنْتُمُوھُم فَشُدُّوا الْوَثَاقَ فَإِمَّا مَنًّا بَعْدُ وَإِمَّا فِدَاءً) ہے، اس کے شروع میں "فَاِذَا" لایاگیاہے، پھر ا س کے متصل بعد ماضی کافعل "لَقِیتُم" لایاگیاہے، اس کامعنی یہ بنتاہے کہ جب تمہاراآمناسامناہوجائے،گویاابھی ہوانہیں ہے، تواس کامطلب یہ ہے کہ حکم کانزول قتال ہوجانے سے پہلے ہوا۔ چنانچہ آیت یہ بتاتی ہے کہ قتال ہوجانے پرقیدیوں کاحکم کیاہے، جبکہ واقعہ بدرکے علاوہ کسی اورموقع پرایساکوئی قتال نہیں ہواہے جس میں قیدی ہاتھ آئے ہوں اورپھران کا حکم بتانے کی ضرورت پڑی ہو۔ (جس کی بنیاد پر یہ ثابت کیاجاسکے کہ یہ آیت بدر کے بعد نازل ہوئی)
4۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ کایہ قول (حَتَّى إِذَا أَثْخَنْتُمُوھُم فَشُدُّوا الْوَثَاقَ) اس وقت کےمتعلق حکم کوبیان کرتاہے، جب معرکے میں قیدی ہاتھ آجائیں، اوریہ حکم اچھی طرح خونریزی کے بعد کیلئے ہے، (جیساکہ آیت سے معلوم ہوتاہے)۔ اس سے بھی معلوم ہواکہ یہ آیت بدرسے پہلے نازل ہوئی کیونکہ یہ خونریزی کاموضوع سب سے پہلے بدرمیں پیش آیا۔ لہٰذا اس بات کابیان کہ قیدی بنانا خونریزی کے بعد ہوگا، اس کے ذریعے ایک نئے حکم کوبیان کیاگیاہے جس کابیان تاحال نہیں ہواتھا۔
5۔ اس بناپرآیت کامنطوق اس بات پردلالت کرتاہےکہ یہ آیت قتال پیش آنے سے قبل نازل ہوئی، اورقتال وخونریزی پیش آنے سے پہلے قیدیوں کاحکم بیان کرتی نازل ہوئی (فَإِذَا لَقِیتُمُ) اور (حَتَّى إِذَا أَثْخَنْتُمُوھُم) کو مدنظر رکھتے ہوئے۔ ایسی روایات بھی ہیں کہ سورۃ محمدﷺ بدر کے بعد نازل ہوئی لیکن جب آیت اورحدیث کوجمع کرناممکن نہ ہوتو ایسی صورت توآیت کوحدیث پر ترجیح دی جائے گی، ورنہ جمع اولیٰ ہوگی۔ چونکہ یہاں جمع کرناناممکن ہے، کیونکہ روایات یہ کہتی ہیں کہ قیدیوں کاحکم بدرکے بعد نازل ہوااورآیت کامدلول یہ ہے کہ اس کانزول بدرسے پہلے ہواتھا، اس لئے ترجیح پرعمل ہوگا، چنانچہ آیت کومخالف احادیث پرترجیح دی گئی۔
اس کی تائید اس سے بھی ہوتی ہے کہ قیدیوں کے بارے میں حکم صرف اورصرف سورۃ محمدﷺ میں ہے، جبکہ بدرکے علاوہ قتال کاکوئی اورواقعہ ایساپیش نہیں آیا جہاں قیدیوں کاحکم بیان کرنے کی ضرورت ہو، اوریہ کہ رسول اللہﷺ نے بدر میں ہی قیدیوں کے بارے میں فیصلہ کیا، حالانکہ آپﷺ بغیر وحی کے حکم نہیں دیتے ۔
دوسرا : جہاں تک شادی شدہ لونڈی کے بارے میں آپ کاسوال ہے، اگروہ زناکی مرتکب ہوجائے تواسے پچاس کوڑے لگائے جائیں گے ۔اس کی دلیل اللہ تعالیٰ کایہ قول ہے (فَإِذَا أُحْصِنَّ فَإِنْ أَتَیْنَ بِفَاحِشَۃٍ فَعَلَیْھِنَّ نِصْفُ مَا عَلَى الْمُحْصَنَاتِ مِنَ الْعَذَابِ ذَلِكَ لِمَنْ خَشِیَ الْعَنَتَ مِنْكُمْ وَأَنْ تَصْبِرُوا خَیْرٌ لَكُمْ وَاللَّہُ غَفُورٌ رَحِیمٌ) "پس جب یہ لونڈیاں نکاح میں آجائیں پھر اگر بے حیائی کا کام کریں تو انھیں آدھی سزا ہے اس سزا سے جو آزاد عورتوں کی ہے۔کنیزوں سے نکاح کا یہ حکم تم میں سے ان لوگوں کے لیے ہے جنھیں گناہ اور تکلیف کا اندیشہ ہو اور تمہارا ضبط کرنا بہت بہتر ہے اور اللہ تعالی بڑا بخشنے والا اور بڑی رحمت والا ہے" (النساء: 25)
اس آیت میں (نِصْفُ مَا عَلَى الْمُحْصَنَاتِ) کامطلب ہے کہ ان کی سزازناکرنے والی غیرشادی شدہ آزاد عورت کی نصف سزاکے بقدرہے۔ پس یہاں محصنۃ کامعنی غیر شادی شدہ آزاد عورت ہے، ایسی عورت جب زناکی مرتکب ہوجائے تواس کی سزاسوکوڑے ہیں اوراس کانصف پچاس ہے۔ یہاں محصنۃ سے شادی شدہ آزاد عورت مراد نہیں، جس سے زناکاعمل صادرہواہوکیونکہ اس صورت میں اس کی حد رجم ہے جسے آدھانہیں کیاجاسکتا۔ لہٰذا نِصْفُ مَا عَلَى الْمُحْصَنَاتِ کاآنااس بات کاقرینہ ہے کہ نصف سے مراد اس آزاد عورت کی حد ہے جو غیر شادی شدہ ہواوراس سے زناکاارتکاب ہوجائے، تواسے سو کانصف یعنی "پچاس کوڑے" لگائے جائیں گے۔
مطلب یہ ہے کہ ریاست خلافت ان پر پچاس کوڑوں کی سزاجاری کرے گی کیونکہ حدود کے نفاذ کا کام ریاست کی ذمہ داری ہے نہ کہ افراد کی۔ یہ امر نہایت اہم ہے ،جس کاادراک ضروری ہے ۔ لیکن شادی شدہ لونڈی کے بارے میں آپ کے اس سوال سے مجھے ایک اورخدشہ پیداہوا، کیونکہ اس وقت لونڈیاں موجود نہیں توخدشہ یہ ہے کہ یہ آپ کیوں پوچھ رہے ہو؟
کہیں ایساتونہیں کہ لونڈی سےآپ کی مرادخادمہ آزاد عورت ہو، لہٰذااس کوملک یمین ( ملکیت) نہ سمجھا جائے، یعنی یہ کہ وہ لونڈی نہیں جسے آزاد عورت کی نصف سزاکے بقدرسزادی جائے بلکہ خادمہ آزاد عورت ہوتی ہے، اس کے احکامات وہی ہیں جوکسی بھی آزادعورت کے ہوتے ہیں ۔سواس کوخوب سمجھناضروری ہے ،یعنی جوحکم آیت میں مذکورہے وہ ان لونڈیوں کاہے جوملکیت میں ہوں، جبکہ اس قسم کی لونڈیاں آجکل موجود نہیں، اورخادمائیں آزادہیں۔
آپ کابھائی ،
عطاء بن خلیل ابوالرَشتہ