اگر خلافت کے قیام سے قبل یہ آخری سرمایہ دارانہ بجٹ تقریر ہے، تو پھر یقیناً یہ ایک "تاریخی" تقریر ہے
- Published in پاکستان
- سب سے پہلے تبصرہ کرنے والے بنیں
- الموافق
آج یکم جون 2012 کو وزیر خزانہ حفیظ شیخ کی بجٹ تقریر کو تاریخی قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ پاکستان کی تاریخ میں کسی سیاسی حکومت کو پہلی بار اپنے پانچ سال پورے کرنے کا موقع ملا ہے اور اس نے پانچ بجٹ پیش کیے ہیں۔ لہذا، یہ بجٹ اس لیے "تاریخی" نہیں ہے کہ اس کے نتیجے میں سستی توانائی میسر ہو گی یا زراعت اور صنعتی شعبے کی بحالی ہو گی یا عوام کو کمر توڑ مہنگائی یا ظالمانہ ٹیکسوں سے نجات ملے گی۔ بلکہ یہ بجٹ صرف اس لیے "تاریخی" ہے کیونکہ موجودہ حکومت کو پانچویں بار اسے پیش کرنے کاموقع مل گیا ہے۔ حزب التحریر اعلان کرتی ہے کہ، جو امر اس بجٹ تقریر کو تاریخی بناتا ہے وہ یہ ہے کہ انشاء اللہ لوگ ایسی تقریر آخری دفعہ سنیں، جس میں سرمایہ دارانہ نظام کی بنیاد پر مزید ظالمانہ پالیسیوں کا اعلان ہوا، وہ نظام جو اپنی لوٹ کھسوٹ اور ناانصافی کی وجہ سے پوری دنیا میں تباہ ہو رہا ہے۔ جو امر اس بجٹ تقریرکو تاریخی بناتاہے وہ یہ ہے کہ خلافت کے قیام سے قبل یہ آخری سرمایہ دارانہ بجٹ تقریر ہو، وہ خلافت جو انشاء اللہ پاکستان کی مسلم سرزمین کو معاشی ترقی کا ایک زبردست نمونہ بنا دے گی۔ ہم آپ کے سامنے اسلام کے اس معاشی نظام کی چند نمایاں پالیسیاں بیان کرتے ہیں جو انشاء اللہ خلافت نافذ کرے گی۔
1- سستی بجلی اور صنعتی ترقی
خلافت کے قیام کے ساتھ ہی عوام کو سستی بجلی کی صورت میں فوری سہولت میسر ہو گی۔ یہ اس لیے ممکن ہو گا کیونکہ نظام خلافت میں عوامی اثاثوں کو نہ تو نجی اور نہ ہی ریاستی ملکیت میں رکھا جا سکتا ہے بلکہ عوام ان کے اصل مالک ہوتے ہیں، جبکہ ریاست عوام کی نمائندہ کے طور پر ان کی دیکھ بھال کرتی ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا:
الْمُسْلِمُونَ شُرَكَاءُ فِي ثَلَاثٍ الْمَاءِ وَالْكَلَإِ وَالنَّارِ
"تمام مسلمان تین چیزوں میں شریک ہیں: پانی، چراگاہیں اور آگ"۔ (احمد)
اس طرح توانائی کے تمام وسائل جس میں تیل و گیس کے کنویں، کوئلے کی کانیں اور بجلی پیدا کرنے کے کارخانے شامل ہیں کی کبھی بھی نجکاری نہیں کی جا سکے گی۔ خلافت کبھی بھی ان عوامی اثاثوں کو نفع حاصل کرنے کے لیے استعمال نہیں کرے گی بلکہ وہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ان عوامی اثاثوں کا فائدہ پورے معاشرے تک پہنچے۔ ان اقدامات کے بعد توانائی اور تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہو گی، جس کی وجہ سے عوام کو سکون میسر ہو گا اور گرتی ہوئی زراعت اور صنعتی شعبے کو ایک نئی زندگی ملے گی۔
2- منصفانہ ٹیکسوں کا نظام
صرف خلافت کے قیام کی صورت میں ہی آپ کی جان ناقابل برداشت ٹیکسوں سے چھوٹ سکتی ہے کیونکہ نبی ﷺ نے فرمایا:
لَا يَدْخُلُ الْجَنَّةَ صَاحِبُ مَكْسٍ
"کسٹم ٹیکس لینے والا جنت میں داخل نہ ہوگا"۔ (احمد)
اس حدیث کی روشنی میں ریاست اپنی مرضی یا عالمی بینک اور آئی۔ایم۔ایف کی شرط کی وجہ سے لوگوں پر ٹیکس نہیں لگا سکتی۔ ریاست خلافت کے بیت المال میں صرف انہی ذرائع سے مال و دولت آسکتی ہے جس کی اللہ سبحان و تعالی نے اجازت دی ہو۔ اسلام میں لوگوں کے ذاتی مال کی حرمت ہے اور ریاست خلافت "ٹیکسوں" کے نام پر اپنے شہریوں کو ان کی دولت سے محروم نہیں کر سکتی۔ صرف اللہ سبحان و تعالی ہی اس بات کا فیصلہ کرتے ہیں کہ کس مال و دولت پر منصفانہ ٹیکس لگ سکتا ہے اور کون اس قابل ہے جو اس کو ادا بھی کر سکے۔ اسلام کا اپنا ایک منفرد ٹیکس کا نظام ہے۔ عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کے بعد زائد عوامی اثاثوں کو بیرون ریاست بیچ کر حاصل ہونے والی آمدنی جیسے گیس، تیل، سونا، تانبہ۔ اسی طرح زراعی زمین سے حاصل ہونے والی پیداوار پر عشر اور خراج اور صنعتی پیداوار پر لاگو ہونے والی زکوة، یہ وہ ذرائع ہیں جن کے ذریعے ریاست خلافت لوگوں کے معاملات کی دیکھ بھال کے لیے وسائل اکھٹے کرے گی۔
3- قیمتوں میں استحکام
صرف ریاست خلافت کے قیام کے بعد ہی آپ قیمتوں میں استحکام دیکھیں گے اور یہ اس لیے ممکن ہو گا کیونکہ اسلام لازمی قرار دیتا ہے کہ ہر ایک سکہ اور نوٹ کی بنیاد حقیقی دولت یعنی سونے اور چاندی پر ہو۔ رسول اللہ ﷺ نے مسلمانوں کو حکم دیا کہ وہ سونے کے دینار جس کا وزن 4.25 گرام اور چاندی کا درہم جس کا وزن 2.975 گرام ہو، بنایا جائے۔ یعنی ریاست خلافت اپنی مرضی سے جب چاہے جتنا چاہے کرنسی نوٹ چھاپ نہیں سکتی۔ یہی وجہ ہے کہ ماضی میں ریاست خلافت میں صدیوں تک اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
4- زرعی انقلاب
ریاست خلافت کے قیام کے بعد آپ زرعی پیداوار میں زبردست اضافہ دیکھیں گے۔ اسلام زمین کی ملکیت کا حق دار اس کو ٹھراتا ہے جو اس سے پیداوار حاصل کرتا ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
مَنْ أَعْمَرَ أَرْضًا لَيْسَتْ لِأَحَدٍ فَهُوَ أَحَقُّ
"جس کسی نے ایسی زمین کو کاشت کیا جو کسی کی ملکیت میں نہیں، تو وہ اُس کا زیادہ حقدار ہے"۔ (بخاری)
اسلام اس بات کو بھی لازمی قرار دیتا ہے کہ اگر ایک زمین کا مالک مسلسل تین سال تک کاشت نہ کرے تو اس سے زمین واپس لے لی جائے ۔اس قانون کے نتیجے میں زمین کا مالک اس بات کو یقینی بنائے گا کہ وہ زمین سے بھر پوراستفادہ حاصل کرے جس کے ذریعے زرعی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔ ریاست خلافت ہر اس شخص کو عطیات اور بلا سودی قرضے فراہم کرے گی جو زمین کو کاشت کر سکتا ہو۔ اس طرح چند مہینوں میں ناصرف زمین کی کاشت میں اضافہ ہو جائے گا بلکہ دیہی علاقوں کی زندگی میں بھی ایک انقلاب آجائے گا۔
اس لیے حزب التحریر مسلمانوں کو اس بات کی دعوت دیتی ہے کہ وہ اس کفریہ سرمایہ دارانہ نظام کو پھینک دیں اور فوری طور پر خلافت کے قیام کی سنجیدہ کوشش میں حزب التحریر کے ساتھ شامل ہو جائیں۔
شہزاد شیخ
پاکستان میں حزب التحریر کے ڈپٹی ترجمان